ایف آئی اے امیگریشن نے ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دبئی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کو جسم فروشی کے لیے اسمگل کرنے والے گروہ کو بے نقاب کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس نیٹ ورک کا انکشاف سائرہ نامی لڑکی کی نشاندہی پر ہوا، جو دبئی کے وزٹ ویزے پر ہوٹل میں ملازمت کے نام پر جا رہی تھی۔ اطلاع ملنے پر ایف آئی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تحقیقات کے مطابق شاہ زیب نامی شخص نے ندیم نامی انسانی اسمگلر سے حاصل ہونے والی رقم سے لڑکی کے وزٹ ویزے، ٹکٹ اور شو منی کا بندوبست کیا۔ چار لاکھ 20 ہزار روپے میں سے 40 ہزار روپے ایئرپورٹ کلیئرنس کے لیے اسلم نامی ایجنٹ کو دیے گئے۔
ایف آئی اے کو سائرہ اور شاہ زیب کے واٹس ایپ نمبرز سے جسم فروشی کے دھندے میں ملوث گروہ کے دیگر ارکان سے رابطوں کے شواہد بھی ملے ہیں۔ سائرہ کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ شاہ زیب کو مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








