راولپنڈی میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس پر علاقہ مکینوں نے مبینہ طور پر سیاسی مداخلت کو صحت و صفائی کا دشمن قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ نمبر 2 میں گندگی اور کچرے کے انبارلگ گئے، راولپنڈی کے علاقے حبیب کالونی اور الٰہ آباد میں تعفن اور بدبو سے اہلیان علاقہ کا سانس لینا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق سینیٹیشن کے عملے کی کوتاہی کی وجہ بلا جواز سیاسی مداخلت ہے۔اہل علاقہ کے مطابق انچارج سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ مبینہ طور پر سیاستدانوں کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی بن چکے ہیں۔
حبیب کالونی، الہ آباد، محمدآباد، چھوٹا قبرستان، اسکول روڈ، خالد بن ولید روڈ، سلطان آباد اور حافظ آباد سمیت راولپنڈی کے دیگر علاقے کچرا کنڈی میں تبدیل ہوچکے ہیں خالی پلاٹوں، میدانوں اور گلیوں میں جگہ جگہ کچرے کے انبار موجود ہیں۔
عوام نے دعویٰ کیا ہےکہ مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے الیکشن جیتنے والے ممبر کنٹونمنٹ بورڈ ملک عثمان ترقیاتی کاموں اور صفائی ستھرائی کے معاملات میں سیاسی مخالفین کو نظر انداز کرانے کی کوششوں میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔
شہریوں کے مطابق ملک عثمان کی رہائش گاہ، دفتر اور پلازے کے قرب و جوار میں سینیٹیشن عملے کی ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں جبکہ دیگر علاقے یکسر نظر انداز کیے گئے ہیں۔ ملک عثمان کے خلاف ایک شہری نے سی ای او کو درخواست بھی دے دی ہے۔