سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ مستقبل کی جنگیں مشترکہ حکمتِ عملی سے جیتی جائیں گی جبکہ دنیا بہت تیزی سے تبدیل ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمساد مرزا نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور یہ تبدیلیاں پاکستان کے اندرونی و بیرونی ماحول پر گہرے اثرات چھوڑ رہی ہیں۔
الوداعی تقریب میں ملک کی اعلیٰ عسکری شخصیات، سینئر افسران اور دیگر معزز مہمان شریک ہوئے۔ خطاب کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز ہائبرڈ محاذ آرائی سے لے کر روایتی جنگ تک پھیلے ہوئے ہیں، مسلح افواج کیلئے ہم آہنگی، تعاون اور مقاصد کی یکسوئی برقرار رکھنا ضروری ہے۔
خطاب کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ تینوں افواج کے مابین یکجہتی خواہش نہیں بلکہ مستقبل کے خطرات کے مقابلے کیلئے مرکزی اور ناگزیر ضرورت کی صورت اختیار کرچکی ہے۔ جدید صلاحیتوں سے لیس اور مشترکہ حکمتِ عملی پر کاربند مسلح افواج ریاست کے دفاع کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے تینوں مسلح افواج بالخصوص جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا عسکری ڈھانچہ جس صورت میں تشکیل دیا جائے، اسے نئی ذمہ داریاں ایمانداری اور عزم کے ساتھ نبھانا ہوں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








