بھارتی کرکٹ ٹیم کے ایک اور وائٹ واش کے بعد مایہ ناز کرکٹر سنیل گواسکر نے ٹیم کے پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کردیا ہے ، ماضی میں ہوم گراؤنڈ پر ناقابلِ شکست رہنا بھارتی ٹیم کی اہم خوبی سمجھی جاتی تھی جو اب نہیں رہی۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو ریکارڈ 408 رنز سے شکست دے دی اور سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی، گزشتہ 1سال میں یہ بھارتی ٹیم کی 7ٹیسٹ میچز میں سے 5ویں شکست رہی جس کے آغاز میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 0-3 سے کلین سویپ کردیا تھا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران معروف کرکٹر اور تجزیہ کار سنیل گواسکر نے کہا کہ ٹیسٹ کی سطح پر بھارتی ٹیم کی خامیوں اور خوبیوں کا تفصیلی تجزیہ بیرونی نقطہ نظر کے ساتھ کرنے کی ضرورت ہے۔ سابق کوچز کو بٹھا کر اگلے 5سال کا لائحہ عمل تشکیل دیں۔
گفتگو کے دوران سنیل گواسکر نے کہا کہ گوتم گمبھیر صرف ایک کوچ ہے جو ٹیم کو تیار ہی کرسکتا ہے لیکن میدان میں کارکردگی صرف کھلاڑی ہی دکھا سکتے ہیں۔ لوگ گوتم گمبھیر کو چیمپیئنز ٹرافی اور ایشیا کپ جیتنے کا کریڈٹ نہیں دیتے تو کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کا ذمہ دار کیوں ٹھہراتے ہیں؟
جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں بھارتی بیٹنگ لائن بری طرح ناکامی کا شکار نظر آئی، گوہاٹی میں جنوبی افریقہ نے اپنے صرف 201رنز کے ہدف کا بہترین دفاع کیا۔ کولکتہ میں پہلا ٹیسٹ ہرانے میں جنوبی افریقہ کو صرف 3 روز لگے جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ بھی یکطرفہ رہا جس میں 549رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 140رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








