وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کرن 17سال بعد اپنے والدین کو ایدھی سینٹر کراچی سے مل گئی ہے۔ سینٹر نے لڑکی کو ضروری کارروائی کے بعد والد کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کرن کی شناخت اور بازیابی سیف سٹی پنجاب کے تعاون اور کاوشوں کے نتیجے میں ممکن بنائی گئی۔ کرن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچپن میں گھر سے آئس کریم لینے نکلی تو راستہ بھول گئی اور پھر کسی نے اسے ایدھی سینٹر اسلام آباد تک پہنچا دیا۔
اسلام آباد سے مرحوم عبدالستار ایدھی کی اہلیہ مرحومہ بلقیس ایدھی کرن کو کراچی لائیں اور وہ ایدھی سینٹر کے زیر کفالت زندگی گزارتی رہی۔ کرن کے مطابق ایدھی سینٹر نے قیام کے دوران ان کو دینی اور دنیاوی دونوں طرح کی تعلیم سے آراستہ کیا اور ان کا وقت شاندار رہا ہے۔
اپنے بچھڑے ہوئے والدین سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کرن کا کہنا ہے کہ آج کا دن ان کی زندگی کا اہم ترین دن ہے۔
دوسری جانب انچارج ایدھی سینٹر شبانہ فیصل کا کہنا ہے کہ کرن کو والدین سے ملانے کیلئے کئی بار بس سروس کے ذریعے اسلام آباد روانہ کیا، لیکن ان کے والدین کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ گزشتہ چند روز میں ملک بھر سے 12بچوں کو ان کے والدین سے ملایا جاچکا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








