گوگی بٹ کو عامر بالاج ٹیپو قتل کیس میں قصوروار قرار دے دیا گیا ہے،جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے ذرائع کے مطابق گوگی بٹ مرکزی ملزم طیفی بٹ کے قریبی رابطے میں رہا اور قتل کی منصوبہ بندی میں براہِ راست کردار ادا کیا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گوگی بٹ نہ صرف طیفی بٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا بلکہ اس نے عامر بالاج ٹیپو کے قتل کی منصوبہ بندی میں بھی عملی طور پر حصہ لیا۔ ذرائع کے مطابق وہ اس سے قبل بھی ٹیپو فیملی سے جڑے متعدد قتل کیسز میں نامزد ملزم رہ چکا ہے۔
جے آئی ٹی نے عدالت میں اگلی سماعت پر گوگی بٹ کی ضمانت منسوخ کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحقیقاتی افسران کے مطابق وہ عامر بالاج ٹیپو کے قتل کے بعد مفرور ہوگیا تھا جس سے اس کے کردار پر مزید شکوک پیدا ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ مرکزی ملزم طیفی بٹ تاحال مفرور ہے جس کی گرفتاری نہ ہونا اس ہائی پروفائل کیس میں ایک بڑی کمی سمجھی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ 19 فروری 2024 کو لاہور کے علاقے چونگ میں ٹیپو ٹرکاں والا کے صاحبزادے عامر بالاج ٹیپو کو مبینہ ٹارگٹ کلنگ میں قتل کر دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق وہ ایک شادی کی تقریب میں شریک تھے جب مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ ان کے ساتھ موجود تین افراد بھی زخمی ہوئے جبکہ بالاج کے محافظوں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ بالاج کو سینے میں چار گولیاں لگیں اور وہ زیادہ خون بہنے کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق قتل کی رات طیفی بٹ کراچی سے بیرون ملک فرار ہوا جبکہ گوگی بٹ لاہور میں موجود تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








