گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا طلبا کو100 مفت لیپ ٹاپ کا تحفہ دینے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

ارشد ندیم
(فوٹو: جی این این)

کراچی: ملک کے مایہ ناز گولڈ میڈلسٹ جیولین تھروور ارشد ندیم نے طلبہ کو 100مفت لیپ ٹاپ کا تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ارشد ندیم نے کہا کہ کراچی پہنچنے پر گورنر ہاؤس میں میرا والہانہ استقبال ہوا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بہت عزت دی۔ ان کا ممنون ہوں، کراچی والوں کا عزت دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

جیولیون تھروور ارشد ندیم نے کہا کہ پاکستان نے مجھے بہت عزت اور پیار دیا، جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے۔ آنے والے وقت کے تمام کھیلوں کیلئے پوری تیاری کرنی ہے اور ملک کا نام ہمیشہ بلند کریں گے۔ اولمپکس میں کامیابی ملی، اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ جیولین تھرو میں لمبے قد کا اہم کردار ہوتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بہت عزت دی، قوم کی جانب سے عزت و تکریم پر خوشی ہوئی ہے۔ مجھے ملک بھر سے اچھے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔

ارشد ندیم نے کہا کہ میرے پاس لوگوں کے پیار کو بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں۔ سب کا جتنا شکریہ ادا کروں، وہ کم ہے۔ کھلاڑیوں کو ایسی ہی چیزیں آگے لے کر جاتی ہیں، پورا پاکستان مجھے عزت اور پیار دے رہا ہے۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ارشد ندیم آئی ٹی سینٹر میں پڑھنے والے بچوں کیلئے 100 لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔ ارشد ندیم ہمارا ہیرو ہے۔ اس نے پاکستان کا نام روشن کیا اور جو کارکردگی دکھائی، اس پر پوری قوم خوشی منار ہی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کو جو عزت اور مقام دلوایا، اس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ کل رات ارشد ندیم گورنر ہاؤس تشریف لائے تھے، گزشتہ شب کی تقریب میں ارشد ندیم کو دیکھنے کیلئے ہر شخص بے تابی کا اظہار کر رہا تھا۔ کراچی کی کاروباری شخصیات نے ارشد ندیم کو تحائف سے نوازا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری شخصیات نے ارشد ندیم کو پلاٹ، نقد انعامات اور دیگر تحائف دئیے ہیں۔ کل 10 کروڑ روپے مالیت کے تحائف ان کو پیش کیے گئے۔ سندھ گورنمنٹ نے ارشد ندیم کیلئے جو 5 کروڑ کا چیک دینے کا اعلان کیا تھا، وہ آج پیش کیا جائے گا۔

Related Posts