پاکستان میں سونے کی قیمت نے ایک بار پھر ریکارڈ توڑ دیا ہے ،بدھ کے روز فی تولہ قیمت میں 6 ہزار روپے کے اضافے کے بعد نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی،یہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔
آل پاکستان صرافہ اینڈ جیولرز سراپا ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 6 ہزار روپے بڑھنے کے بعد 3 لاکھ 76 ہزار 700 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 5 ہزار 144 روپے کا اضافہ ہواجس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 22 ہزار 959 روپے ریکارڈ کی گئی۔
منگل کے روز تک سونے کی قیمتیں نسبتاً مستحکم تھیں اور فی تولہ نرخ 3 لاکھ 70 ہزار 700 روپے پر موجود تھے تاہم اگلے ہی دن یہ غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا جو ملکی معیشت کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی گہری تشویش کا باعث ہے۔
عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 60 ڈالر بڑھ کر 3 ہزار 540 ڈالر پر جا پہنچا جس میں 20 ڈالر کا پریمیم بھی شامل ہے۔
ادھر چاندی کی قیمتوں میں بھی ہلکا سا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور فی تولہ چاندی کی قیمت 12 روپے بڑھ کر 4 ہزار 315 روپے تک پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی بے یقینی، ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کی پناہ گاہ کے طور پر سونے کی جانب رجحان اس غیر معمولی اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








