پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جمعرات کے روز فی تولہ سونا ایک ہزار روپے سستا ہو گیا۔ آج سہ پہر کو نئی قیمتوں کے اجراء تک سونے کی گزشتہ روز کی قیمتوں پر لین دین ہوگا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 18 ہزار 862 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 857 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 59 ہزار 106 روپے رہی، جبکہ 22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 678 روپے گھٹ کر 3 لاکھ 29 ہزار 300 روپے ریکارڈ کی گئی۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 10 امریکی ڈالر سستا ہو کر 3965 ڈالر پر آگیا۔ دوسری جانب چاندی کی قیمت میں مقامی اور عالمی منڈی دونوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
پاکستانی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو عالمی سطح پر شرحِ سود اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے اثرات سے جوڑا جا رہا ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی طلب میں کمی اور سرمایہ کاروں کے رویے نے بھی قیمتوں پر اثر ڈالا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








