پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹس میں ایک بار پھر سے سونے کے نرخ میں اضافے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے جبکہ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کی گئی۔ آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق آج ایک تولہ سونا 2 ہزار 700 روپے مہنگا ہوا۔
آل پاکستان صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نئے نرخ کے مطابق آج 24 قیراط کا فی تولہ سونا 2 ہزار 700 اضافے سے 4 لاکھ 46 ہزار 862 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام سونا 2 ہزار 315 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 83 ہزار 112 روپے ہوگئی۔
صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 22 قیراط کا حامل ایک تولہ سونا 2 ہزار 122 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 51 ہزار 198 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
یکم دسمبر 2025 کو مقامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا جہاں ایک تولہ چاندی 54 روپے مہنگی ہو کر 5 ہزار 963 جبکہ 10 گرام چاندی 46 روپے اضافے سے 5 ہزار 112 روپے کی سطح پر آگئی۔
عالمی مارکیٹ کا اثر
یہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کے مسلسل اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمت 27 ڈالر بڑھ کر 4 ہزار 245 ڈالر فی اونس ہو گئی جس میں 20 ڈالر کا پریمیم شامل ہے جبکہ عالمی صرافہ بازار میں چاندی کی قیمت میں صفر اعشاریہ 54 ڈالر اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 56 اعشاریہ 91 ڈالر ہوگئی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں سونے کی قیمتیں عالمی سطح پر طے ہوتی ہیں جو مقامی کرنسی کی قدر اور درآمدات پر منحصر ہوتی ہیں۔ حالیہ مہینوں میں سونے کی طلب میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








