گوگل نے پاکستان میں نوجوان ڈیولپرز کو جدید مصنوعی ذہانت کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے “اے آئی سیکھو 2026” کے نام سے ایک اہم تربیتی اقدام شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل جدت کو تیز کرنا اور نئی نسل کو عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹ کے لیے تیار کرنا ہے۔ اس پروگرام میں “وائب کوڈنگ” کے نام سے ایک نیا تصور بھی متعارف کرایا گیا ہے جو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے عمل کو زیادہ تیز اور تخلیقی بنانے پر مرکوز ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ پروگرام گوگل کے ڈویلپر ایکوسسٹم کے تحت چلایا جا رہا ہے اور اس کا بنیادی ہدف نوجوانوں کو عملی بنیادوں پر مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز کی تربیت دینا ہے۔ شرکاء کو نہ صرف سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے بلکہ انہیں مختلف مقابلہ جاتی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی صلاحیتیں آزمانے کا بھی موقع ملے گا۔
اس منصوبے کے تحت ڈیولپرز کے لیے دو مرحلوں پر مشتمل ایک خصوصی سفر رکھا گیا ہے جس میں پہلے مرحلے کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا اور یہ 3 مئی تک جاری رہے گا۔ اس دوران شرکاء گوگل اے آئی اسٹوڈیو کے ذریعے مفت اے آئی کریڈٹس استعمال کرتے ہوئے اپنے پروجیکٹس جمع کرائیں گے، جنہیں دو زمروں “ایپ بناؤ” اور “گیم اٹھاؤ” میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے 750 پروجیکٹس کو سلور ٹائر انعامات دیے جائیں گے جبکہ سب سے زیادہ تخلیقی اور نمایاں 50 پروجیکٹس، جو لنکڈ اِن پر شیئر کیے جائیں گے، انہیں گولڈ ٹائر شناخت سے نوازا جائے گا۔
دوسرے مرحلے میں منتخب امیدواروں کو فزیکل ہیکاتھون کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد بلایا جائے گا جہاں وہ گوگل اینٹی گریویٹی جیسے جدید پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے تھیم بیسڈ موبائل ایپلیکیشنز تیار کریں گے۔ اس مرحلے کے اختتام پر کامیاب افراد کے درمیان مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔خواہش مندر افراد مندرجہ ذیل لنک پر کلک کرکے اپلائی کرسکتے ہیں:
منتظمین کے مطابق اس پروگرام کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل ایکوسسٹم کو مضبوط بنانا، اے آئی تعلیم اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو عالمی فری لانس اور ٹیکنالوجی مارکیٹس میں مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر یہ اقدام نوجوانوں کے لیے سیکھنے، اپنی صلاحیتیں دکھانے اور بین الاقوامی سطح پر پہچان حاصل کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








