حیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ پر منگل کے روز ایک ایسا خطرناک واقعہ پیش آیا جس نے چند لمحوں کے لیے مسافروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا تاہم بروقت کارروائی نے ایک بڑے حادثے کو ٹلنے سے بچا لیا۔
حیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک مسافر کے بیگ میں موجود موبائل فون کی بیٹری اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔مسافر حیدرآباد سے رائے پور جا رہا تھا اور اسی دوران اس کے سامان کی معمول کی جانچ جاری تھی۔
تفصیلات کے مطابق سی آئی ایس ایف اہلکار جب مسافر کے بیگ کی تلاشی لے رہے تھے تو اسی وقت بیگ میں موجود موبائل بیٹری اچانک پھٹ گئی جس کے بعد وہاں آگ کے شعلے اور دھواں اٹھنے لگا۔ اس اچانک صورتحال نے ایئرپورٹ پر موجود مسافروں کو خوفزدہ کر دیا اور وہاں بھگدڑ جیسا منظر پیدا ہو گیا۔
سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور صورتحال پر قابو پا لیا جس کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔ حکام کے مطابق اگر یہ واقعہ دورانِ پرواز پیش آتا تو ایک بڑا حادثہ رونما ہوسکتا تھا۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ بیٹری پھٹنے کی وجہ شارٹ سرکٹ تھی یا کسی تکنیکی خرابی کا نتیجہ۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے بھی اس واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔
بروقت کارروائی نے ممکنہ بڑے نقصان کو ٹال دیا تاہم اس واقعے نے ایئرپورٹ سیکیورٹی اور لیتھیم بیٹریز سے متعلق احتیاطی تدابیر پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








