گوگل نے پاکستان سمیت دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں اپنے دو جدید ترین مصنوعی ذہانت کے ٹولز Veo 3 اور Flow کی رسائی فراہم کر دی ہے۔
یہ دونوں ٹولز Google AI Pro اور Ultra سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہیں اور ان کا مقصد تخلیقی اظہار کو ایک نئی جہت دینا ہے۔
Veo 3، جو کہ گوگل کا ویڈیو جنریشن ماڈل ہے اب ایک نئے طاقتور فیچر کے ساتھ آ چکا ہے، جس کے ذریعے صارفین محض ایک تصویر، آڈیو اور ہدایت کے ذریعے 8 سیکنڈز تک کی خوبصورت اور واضح ویڈیوز تخلیق کر سکتے ہیں۔
صارفین صرف اپنی تصویر اپلوڈ کریں پھر منظر اور آواز سے متعلق ہدایات پرومپٹ میں درج کریں اور دیکھیں کہ گوگل جیمینی کس طرح آپ کی تصویر کو ایک مکمل متحرک ویڈیو میں بدل دیتا ہے۔ یہ ویڈیو بعد ازاں ڈاؤن لوڈ یا شیئر بھی کی جا سکتی ہے۔
گوگل کے مطابق، صرف سات ہفتوں کے دوران Veo 3 کی مدد سے دنیا بھر میں چار کروڑ سے زائد ویڈیوز تیار کی جا چکی ہیں جن میں پرانی یادوں کو نئے انداز میں پیش کرنے، ASMR تجربات اور کہانی گوئی کے منفرد انداز شامل ہیں۔
ڈیجیٹل اسٹوری ٹیلنگ میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانی نوجوانوں اور ویڈیو کریئیٹرز کے لیے یہ ایک بڑی سہولت ہے۔
گوگل کے ان AI ٹولز سے وہ اب اپنے ذاتی لمحات یا تخلیقی آئیڈیاز کو مختصر ویڈیوز کی صورت میں زندہ کر سکتے ہیں، بغیر کسی پیچیدہ سافٹ ویئر یا مہنگے آلات کے۔
دوسری جانب، گوگل کا فلم سازوں کے لیے تیار کردہ ٹول Flow بھی دستیاب ہے جس میں ویڈیو کلپس کے ساتھ آواز، بیک گراؤنڈ میوزک اور ساؤنڈ ایفیکٹس شامل کرنے کی سہولت موجود ہے۔ اگرچہ آڈیو جنریشن ابھی ابتدائی مرحلے (testing phase) میں ہے، لیکن مستقبل قریب میں اس میں مزید بہتری متوقع ہے۔
گوگل کی جانب سے ان ٹولز سے تیار کردہ ویڈیوز میں واضح واٹرمارک اور غیر مرئی ڈیجیٹل مارکر (SynthID) شامل کیا جاتا ہے تاکہ ویڈیو کے AI سے تیار شدہ ہونے کی شناخت ممکن ہو۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








