پشاور: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے محمد اعظم خان کو صوبے کا نگراں وزیراعلیٰ تعینات کردیا۔
محمد اعظم خان کی بطور نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تعیناتی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی جانب سے گزشتہ روز گورنر کے پی کو نگراں وزیراعلیٰ کے نام کے حوالے سے مراسلہ ارسال کیا گیا تھا، دونوں رہنماؤں نے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات گزشتہ روز پشاور میں ہوئی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اکرم درانی کا کہنا تھا کہ دو، تین نام ان کے تھے، دو نام ہمارے پاس تھے، ہم نے مشورہ کیا کہ عوام کو مزید مشکلات میں نہیں ڈالیں گے، تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن اور وزیراعلیٰ نے بیٹھ کر اہم فیصلہ کیا۔
برطانوی وزیراعظم کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ، عمران خان کا ردعمل بھی آگیا
انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر محمود خان، پرویز خٹک اور سپیکر کا مشکور ہوں۔
اعظم خان نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد اعظم خان چیف سیکرٹری سمیت دیگر اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں، وہ سابق نگراں وفاقی وزیر بھی رہے، اعظم خان پٹرولیم اور مذہبی امور کی وزارتوں کے وفاقی سیکرٹری بھی رہے۔
یاد رہے کہ 18 جنوری کو خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کئے تھے جس کے بعد صوبائی اسمبلی کو تحلیل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 112(1) کے تحت 17 جنوری کو اسمبلی تحلیل کی سمری گورنر کو ارسال کی گئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








