کراچی :گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کاروباری سرگرمیاں قومی معیشت میں ریڑھ ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کی فعالیت اور اس سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان پبلک فورم کی مدد سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، چھوٹے کاروبار کے آغاز کے لئے پاکستان پبلک فورم کا تعاون خوش آئند ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پاکستان پبلک فورم کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنرسندھ نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ وہ انہیںملک و قوم کا قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں۔
پاکستان کے نوجوان با صلاحیت ، اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار اور محنتی ہیں جن میں کچھ کرنے کی لگن ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کے بھرپور استعمال پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا ماننا ہے کہ چھوٹے کاروبار کا قومی معیشت میں بڑا اہم کردار ہے جس میں نوجوان کلیدی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ ان نوجوانوں کے خواب بڑے ہوتے ہیں لیکن ان خوابوں پر سرمایہ لگانے کے لئے کوئی راضی نہیں ہوتا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے ان نوجوانوں پربھرپوراعتماد کرتی ہے،حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے کامیاب جوان پروگرام سے نوجوان چھوٹے اور بڑے کاروبار شروع کر سکتے ہیں ،وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام سے ڈھائی کروڑ تک کا قرضہ دیا جا رہا ہے۔
گورنرعمران اسماعیل نے کہا کہ سیمنٹ اور ٹیکسٹائیل سیکٹر کے اعداد و شمار بہت مثبت ہیں جبکہ پاکستان ایز آف ڈوئنگ بزنس انڈیکس میں 28 نمبر اوپر آگیا ہے اور اس وقت پاکستانی روپیہ ایشیا کی تیسری بہترین کرنسی بن گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے موقع ہے کہ وہ یہاں سرمایہ لگائیں اس وقت پاکستان میں مختلف شعبے ایسے ہیں جہاں سرمایہ کاری کے لئے بڑے پرکشش مواقع دستیاب ہیںاس ضمن میں حکومت بھی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کررہی ہے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ نے بھی خطاب کیا ۔