کراچی:تعلیمی اداروں میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھنے لگا، شہر قائد میں 2اور سرکاری اسکول کورونا کیسز کی تصدیق کے بعد بند کردیا گیا، شہر میں اب تک بند ہونے والے سرکاری اسکولوں کی تعداد 15ہوگئی ہے۔
کراچی کے ضلع ساؤتھ میں واقع گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول لیاری میں کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی ، جس کے بعد اسکول پانچ روز کے لیے بند کردیا گیا۔
دوسری طرف گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کورنگی میں دو کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد اسکول کو بند کردیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع جنوبی نے بتایاکہ کوروناکے پازیٹیو کیسز کی رپورٹ محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج مالیکیولر لیبارٹری سے موصول ہوئی ہے، اسکول میں فیومیگیشن کا عمل مکمل کرکے بلڈنگ کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع نے کہا کہ کراچی میں بند ہونیوالے سرکاری اسکولوں کی تعداد پندرہ ہوگئی جبکہ کورونا کے باعث سات نجی تعلیمی ادارے پہلے ہی بند ہیں۔
یاد رہے کراچی میں ضلع ملیر کے مختلف اسکولوں میں کرائے گئے کورونا ٹیسٹ بڑی تعداد میں مثبت آئے تھے جس کے پیش نظر فوری طور پر 8سرکاری اسکولوں کو بند کردیا گیا تھا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق کورونا کے حوالے سے این سی او سی کی گائیڈ لائن پر عمل کریں گے اور تمام کلاس رومزکو ڈس انفیکٹ کیا جائے جبکہ وہ تمام طلبا اور اساتذہ کو رابطے میں تھے، وہ بھی احتیاط کریں اور گھروں پر قرنطینہ میں چلے جائیں۔