اسلام آباد: وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے پیشِ نظر تین روزہ عام تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق 14اکتوبر سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقعے پر 14 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک مسلسل تین روز کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے جو راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں پر نافذ ہوگا۔ فیصلے کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف نے دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تین روزہ تعطیلات کی منظوری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ تعطیلات کا یہ نوٹیفکیشن وفاقی کابینہ ڈویژن نے جاری کیا۔ تعطیلات کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا پر امن انعقاد یقینی بنانا ہے۔
ایس سی او اجلاس کے موقعے پر دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت اسلام آباد پہنچیں گے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی احتجاج کے باعث بھی امن و امان کا مسئلہ ہوا جس سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت نے پاک فوج، رینجرز اور پولیس سمیت تمام تر سکیورٹی فورسز کی خدمات حاصل کی تھیں۔
اجلاس کے موقعے پر اعلان کردہ 14، 15اور 16اکتوبر کی تعطیلات کے موقع پر راولپنڈی اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی دفاتر، اسکول، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ عام تعطیلات کا اعلان غیر ملکی مہمان شخصیات کی موجودگی میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے کیا گیا ہے۔ اس دوران ریڈ زون کا علاقہ بھی مکمل طور پر بند رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








