اسلام آباد: وفاقی حکومت کا لائن لاسز والے فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ جاری رکھنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ جن فیڈرز پر لائن لاسز ہیں، وہاں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ اور نیٹ میٹرنگ پالیسی جاری رہے گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر مملکت علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اویس لغاری نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہوسکتی ہے۔ گزشتہ روز بجلی کی طلب 25 ہزار 820 میگا واٹ رہی۔
پریس کانفرنس کے دوران اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ روز 4 ہزار 232 میگا واٹ کی لوڈ شیڈنگ ہوئی۔ صرف بہت زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے اور جہاں نقصانات صفر ہیں وہاں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جاتی۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ نقصانات والے فیڈرز کو بجلی دینے سے گردشی قرضے میں اضافہ ہوتا ہے۔ جب تک بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں صوبائی حکومتوں سے مل کر لائن لاسز کم نہیں کرتیں، لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کمپنیوں کے بورڈز بدل رہے ہیں، بجلی چوری کے علاقوں میں کنٹرولڈ بجلی دی جائے گی۔ پاکستان میں بجلی کی پیداوار کم نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے ساتھ ملاقات کے دوران رقم جاری کرنے پر گفتگو نہیں ہوئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








