اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے 6 ارب سے زائد کا پیکیج تیار کرلیا ہے، چینی، دودھ، گھی، تیل اور آٹا سستا ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار نے یوٹیلیٹی اسٹورز کورمضان پیکیج دینے کیلئے 6اعشاریہ 6 بلین روپے رکھنے کی تجویز دی ہے، وزارت صنعت وپیداوارنے چینی کی قیمت کو 68 روپے تک لانے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھیجی گئی تجاویز میں چائے پر 50 روپے اور دودھ پر 20 روپے کی سبسڈی دینے کی سفارش کی گئی ہے،چینی کی قیمت 68 روپے ، آٹے کا 20 کلو بیگ 800 روپے اور گھی کو 200 روپے فی کلو تک لانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق چائے پر 50 روپے سبسڈی دی جائے گی ، دودھ پر 20 روپے اور 19 ضروری اشیاء پر 10 سے 50 روپے سبسڈی دی جائے گی۔
اسی طرح خوردنی تیل کے لئے 20 روپے فی کلو سبسڈی ، دالوں پر 10-30 روپے فی کلو ، اور چنے کے آٹے کے لئے 20 روپے فی کلو سبسڈی تجویز کی گئی ہے،وزارت صنعت و پیداوار نے سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ارسال کردی ہے جس پر جلد فیصلہ متوقع ہے۔