لاہور: ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے جاری پابندیوں میں کمی کے بعد کیسز بڑھنے کی وجہ سے دوبارہ لاک ڈاؤن لگادیا گیا،شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور دفاتر بندکردیئے گئے۔
پنجاب حکومت نے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران پنجاب میں کورونا کیسز میں مسلسل میں اضافے کی وجہ سے لاہور کے 12علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔
صوبائی حکومت کے محکمہ صحت کے ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں شاپنگ مالز ، ریستوران ، سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے ،سرکاری اور نجی ٹرانسپورٹ کے لحاظ سے ان علاقوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اور لوگوں کو اپنی نقل و حرکت بھی محدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں کورونا نے مزید 52 زندگیاں چھین لیں، 1579 شہری متاثر
صوبائی حکومت نے کورونا وائرس ہاٹ اسپاٹس کے بطور علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ ان علاقوں میں عوامی، نجی یا کسی بھی جگہ پر معاشرتی ، مذہبی یا کسی اور مقصد کے لئے ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں 52 شہری دم توڑ گئے، موذی وباء نے مزید 1579 لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں کورونا مریضوں کی 1لاکھ75ہزار51ہوگئی ہے۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








