پیٹرول صرف کوٹے پر ملے گا، فیول مینجمنٹ سسٹم کا نفاذ، حکومت نے بڑی خریداری کرلی

تازہ ترین

تازہ ترین

پیٹرول
(فوٹو: دی کرنٹ)

پیٹرول صرف کوٹے پر ملے گا۔ حکومت نے فیول مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ کرلیا، حکام نے 12 ہزار پیٹرول پمپس کیلئے 24 ہزار موبائل ڈیوائسز کی خریداری مکمل کرلی جنہیں اوگرا کے ذریعے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) کے سسٹم سے منسلک فیول پارکنگ ایپ درآمد و برآمد شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کیلئے استعمال کی جائے گی، جس سے  پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

ایپ کے ذریعے حکومت پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک اور ترسیل کے علاوہ خریدوفروخت کی بھی نگرانی کرسکے گی۔ پیٹرول پمپ اسٹاف کو فیول مینجمنٹ سسٹم اور ایپ پر تربیت دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی، این آئی ٹی بی اور اوگرا نے ٹریننگ کا آغاز کردیا۔

تربیتی عمل میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکار بھی شریک ہوگئے، جبکہ پیٹرولیم ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ فیول مینجمنٹ سسٹم این آئی ٹی بی اور پی ٹی اے سے منظور شدہ موبائل فونز پر ہی استعمال ہوسکے گا۔ شہری ذاتی گاڑیوں کیلئے پیٹرول کوٹے کے تحت پیٹرول حاصل کرسکیں گے۔

اس سے قبل فیول مینجمنٹ کیلئے تیار ایپلیکیشن کی ٹیسٹنگ مکمل کرلی گئی۔ ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم پیٹرول پمپس پر نافذ ہوگا جبکہ حکومت گاڑیوں کیلئے پیٹرول کوٹے کا اعلان کرے گی۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی تیار موبائل ایپ کوٹہ سسٹم کا نفاذ عمل میں لائے گی اور کوئی بھی شخص کوٹے سے زائد پیٹرول نہیں خرید سکے گا۔

Related Posts