اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی حکومت نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کردی ہے۔ ابتدائی طور پر لاپتہ شاعر کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا تھا۔
نجی ٹی وی (ڈان نیوز) کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے کیس کی سماعت کی۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی عدالت میں حاضر ہوئے۔ اٹارنی جنرل منسور عثمان اعوان نے تھانہ رپورٹ عدالت کو پیش کی۔
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ احمد فرہاد دھیر کوٹ آزاد کشمیر پولیس کی حراست میں ہیں جس پر وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ ایک اورشہری لاپتہ ہوا جس کی ایف آئی آر 4روز بعد درج ہوئی ہے۔ وہ کشمیر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹنگ کر رہے تھے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایات جاری کردیں۔
ہائیکورٹ جج جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ کسی کی ایجنسیوں سے دشمنی نہیں، صرف یہ کہتے ہیں کہ قانون کے مطابق کام کریں۔ بعد ازاں عدالت نے متعلقہ تھانے کو آزاد کشمیر سے شاعر احمد فرہاد کو بازیاب کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ احمد فرہاد 16مئی سے لاپتہ تھے۔
رپورٹ کے مطابق 16 مئی کو آزاد کشمیر کے صحافی اور شاعر فرہاد علی شاہ مبینہ طور پر اغوا کیے گئے جبکہ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ لوہی بھیر میں فرہاد علی شاہ کی اہلیہ سیّدہ عروج کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں اغوا کی دفعات لگائی گئی تھیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








