میں اتفاق کر لوں گا، عمران خان کا 1 سال قبل کیا گیا بڑا اعلان سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: آن لائن)

لاہور: آج سے ٹھیک 1 سال قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مجھے قائل کر لیں کہ ملک میں جو کچھ ہورہا ہے، وہ پاکستان کیلئے ٹھیک ہے تو میں اتفاق کر لوں گا۔

آج سے 1 برس قبل مئی 2023 کے دوران برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ ملک میں 70 سال سے فوج بالواسطہ یا بلاواسطہ اقتدار کا حصہ رہی، وہ حکمرانی میں دخل نہ دیں، یہ سوچنا حماقت ہے۔

برطانوی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران عمران خان نے کہا کہ بات چیت کرنے کی خواہش اس لیے ہے کیونکہ جاننا چاہتا ہوں کہ یہ کیا سوچتے ہیں۔ مجھے قائل کر لیں کہ یہ سب پاکستان کیلئے ٹھیک ہے تو میں اتفاق بھی کرلوں گا لیکن اب صورتحال دیکھ رہا ہوں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ فی الحال صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں۔ تحریکِ انصاف 9مئی کو پارٹی چھوڑنے والوں کی جگہ نوجوانوں کو عہدے دے گی تاہم خوف ہے کہ یہ انہیں بھی گرفتار کر لیں گے اور خدشہ ہے کہ مجھے بھی حراست میں لے لیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم عمران خان  نے کہا کہ خدشہ ہے کہ مجھے بھی جیل میں ڈال دیا جائے گا۔ میری پوزیشن کمزور اس وقت ہوگی جب ووٹ بینک کھو جائے۔ کوئی بھی سیاسی جماعت اپنے ووٹ بینک کے سکڑاؤ سے کمزور ہوتی ہے، موجودہ بحران کوئی بڑی بات نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ بحران میرے لیے کوئی بڑا بحران نہیں ہے۔ معاشی اشارئیے ملک کی بد ترین صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ہمیں دوڑ سے باہر رکھنا چاہتی ہے، معلوم کرنا چاہتا ہوں یہ ملک کیلئے کیسے فائدہ مند ہے؟مجھے قائل کرلیا تو اتفاق بھی ہوسکتا ہے۔

Related Posts