لاہور: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے خواتین طالبات کی حفاظت اور رازداری کو یقینی بنانے کے لیے صوبے کے تعلیمی اداروں میں پینک بٹن نصب کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے، اس سہولت کے ذریعے ہنگامی صورتحال میں طالبات فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے سکیں گی۔
پی ایس سی اے کے ترجمان کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور کے 39 خواتین کالجز اور جامعات میں یہ بٹن نصب کر دیے گئے ہیں۔ آئندہ مرحلوں میں اس سہولت کو بتدریج بڑھا کر پنجاب کے 450 خواتین کالجز تک توسیع دی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ ہنگامی حالات میں جیسے ہی طالبہ پینک بٹن دبائے گی، سگنل براہِ راست پی ایس سی اے کے کنٹرول روم کو موصول ہوگا جہاں سے فوری طور پر ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کو الرٹ کر کے بر وقت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس سے قبل بھی پنجاب کے مختلف مقامات پر یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق صوبے کے 101 مقامات پر پینک بٹن پہلے سے فعال ہیں جن میں لاہور کے 122 اہم مقامات شامل ہیں۔
سماجی ماہرین نے اس اقدام کو طالبات کی حفاظت اور خواتین کے اعتماد میں اضافے کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ہراسانی اور دیگر جرائم کی شرح میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








