سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ عازمینِ حج 1447 ہجری کیلئے اپنی ویکسینیشن کا اپائنٹمنٹ سرکاری ڈیجیٹل ہیلتھ ایپ “Sehhaty” کے ذریعے پہلے سے بک کر سکتے ہیں۔
وزارت کے مطابق Sehhaty ایک متحدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو عازمین کو تمام ضروری طبی اور صحت سے متعلق مراحل ایک ہی جگہ مکمل کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ یہ ایپ سعودی وژن 2030 کے تحت ہیلتھ سیکٹر ٹرانسفارمیشن پروگرام کا اہم حصہ ہے جس کا مقصد صحت کی خدمات کو جدید اور آسان بنانا ہے۔
ویکسینیشن اپائنٹمنٹ بک کرنے کا عمل پانچ مراحل پر مشتمل ہے۔ سب سے پہلے صارف ایپ کھول کر اپنی صحت کی صورتحال چیک کرتا ہے پھر نیا اپائنٹمنٹ منتخب کرتا ہے اس کے بعد کلینک میں ذاتی طور پر حاضری کی تصدیق کرتا ہے بالغ افراد کیلئے ویکسینیشن کلینک کا انتخاب کرتا ہے اور آخر میں اپنی بکنگ مکمل کرتا ہے۔
وزارت نے مزید وضاحت کی کہ اس ایپ کے ذریعے صارفین نہ صرف اپنے اپائنٹمنٹس آسانی سے مینج کرسکتے ہیں بلکہ قریبی اور موزوں صحت مراکز بھی منتخب کرسکتے ہیں جس سے منظور شدہ ویکسین تک رسائی اور حج کی صحتی شرائط پوری کرنا مزید سہل ہو جاتا ہے۔
آخر میں وزارتِ صحت نے عازمینِ حج کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ویکسینیشن بروقت بک کریں کیونکہ تمام صحتی اقدامات کی پابندی حج کے دوران عازمین کی حفاظت اور صحت کو یقینی بنانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








