گل پلازہ میں آتشزدگی: حادثہ سانحے میں کیسے بدلا؟ رپورٹ سامنے آگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

گل پلازہ
(فوٹو: ڈان)

گل پلازہ میں آتشزدگی کے وقت بجلی بند ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے جبکہ ایمرجنسی ایگزٹ نہ ہونے کے باعث یہ حادثہ سانحے میں بدل گیا۔ واقعے کی نئی رپورٹ سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ دکانداروں نے بتایا کہ عمارت کے کُل 26 داخلی و خارجی دروازے ہیں ، رات دس بجے تمام گیٹ بند کرکے صرف دو دروازے کُھلے رکھے جاتے ہیں اور المناک آتشزدگی کے دوران بھی عوام کو معمول کے مطابق 26میں سے 24دروازے بند ملے۔

تکلیف دہ صورتحال میں کوئی ایمرجنسی ایگزٹ نہ ہونے کے باعث مسائل بڑھ گئے جبکہ آگ تیزی سے گل پلازہ کو اپنی لپیٹ میں لے رہی تھی۔ بلند و بالا عمارت دھویں سے بھر چکی تھی اور عوام کا کوئی پرسانِ حال نہین تھا۔ دکانداروں کے بیان کے وقت آگ لگنے کے وقت پلازہ میں بجلی نہیں تھی۔

بجلی نہ ہونے کے باعث عوام کو کچھ نظر نہیں آرہا تھا اور آتشزدگی اور دھویں کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔ عمارت میں صرف 2 دروازوں کی موجودگی میں محصور افراد سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنے پر مجبور تھے جبکہ دکانوں پر ورکرز اور گاہکوں کا رش لگا ہوا تھا۔

مقامی تاجروں کا ماننا ہے کہ آگ لگنے کے کچھ دیر بعد ہی کچھ لوگ بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑے تھے اور دکانداروں نے بہت سے افراد کو اپنی مدد آپ کے تحت عمارت سے باہر نکال دیا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں عوام کو اپنی مدد آپ کے تحت ایک دوسرے کو گل پلازہ سے نکالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں گزشتہ روز آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا، تاہم عمارت مخدوش ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن میں تاحال مشکلات کا سامنا ہے۔ واقعے کے نتیجے میں 26افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی جبکہ 76مزید افراد لاپتہ ہیں جن کے زندہ ہونے کی امیدیں دم توڑتی جارہی ہیں۔

Related Posts