سانحہ گل پلازہ غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ قرار، نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج

تازہ ترین

تازہ ترین

گل پلازہ
(فوٹو: ڈان)

کراچی میں سانحہ گل پلازہ کو غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے واقعے کا مقدمہ سانحے کے 8روز بعد نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ گل پلازہ کا ذمہ دار نامعلوم افراد کی غفلت اور لاپرواہی کو قرار دیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن میں کہاگیا کہ گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی سے قبل حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔

مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق آتشزدگی کے وقت گل پلازہ میں لائٹس اور کئی دروازے بند تھے، جس کی وجہ سے صورتحال خراب ہوئی اور بڑا نقصان ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں تحقیقات کے بعد نامعلوم افراد کی جگہ باضابطہ نام شامل کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازہ کے دکانداروں کو دوبارہ آباد کیا جائے گا جبکہ دکانداروں کو 5،5 لاکھ روپے فی کس دئیے جائیں گے اور 1 کروڑ روپے تک بلا سود قرض بھی دیا جائے گا۔

 سندھ اسمبلی کے اجلاس میں گزشتہ روز اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سانحے کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا جرم کے برابر ہے۔ مجھے کہنا پڑ رہا ہے کہ چور کی داڑھی میں تنکا ہوتا ہے۔ لوگوں کی لاشوں پر اپنا کوئی اور ایجنڈا شروع نہ کریں۔گل پلازہ کی حالت ایسی ہے کہ اسے گرانا پڑے گا۔

اجلاس میں تقریر کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازہ سانحے میں حکومتی اداروں کی اور میری بھی غفلت ہوئی تو سزا ملے گی۔ قانون میں ایسا کچھ نہیں ہے کہ وفاق صوبے کے کسی حصے کو آ کر کنٹرول کرے۔ ایک سانحے پر کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات نہیں کرنی چاہئے۔ مجھے بتائیں 18ویں ترمیم سے اس واقعے پر کیا اثر پڑا؟

Related Posts