وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ بسنت کے تہوار کے موقع پر لاہور میں عوام کو میٹرو بس، اورنج لائن میٹرو ٹرین اور گرین لائن میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہ سہولت 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو تین دن تک دستیاب رہے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق حکومت نے بسنت کو محفوظ اور خوشگوار انداز میں منانے کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر بھر میں 10 لاکھ موٹر سائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز نصب کی جائیں گی تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ کٹائی والی یا غیر قانونی پتنگ ڈور کے استعمال پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کو 5 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیفٹی راڈز کے بغیر موٹر سائیکلوں کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بسنت کے دوران نگرانی کے لیے دو مرکزی کنٹرول روم قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ کلینک آن وہیلز، ایمبولینس سروس اور فائر بریگیڈ کا عملہ ہائی الرٹ پر رہے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
حفاظتی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے لاہور کو ریڈ، یلو اور گرین زونز میں تقسیم کر دیا گیا ہے، جہاں سیکیورٹی اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ بسنت تقریباً 500 سال پرانا ثقافتی تہوار ہے جو پنجاب کی روایات اور خوشیوں کی علامت ہے۔ حکومت کا عزم ہے کہ اس تہوار کو پوری ذمہ داری اور حفاظت کے ساتھ منایا جائے تاکہ عوام کو محفوظ ماحول میں خوشیاں فراہم کی جا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








