راولپنڈی: امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پورے ملک کی امیدیں دھرنے سے جڑ گئی ہیں۔ ہم نے ایک دھرنے کو مختلف دھرنوں میں تبدیل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعتِ اسلامی کا دھرنا آج دوسرے روز میں داخل ہوگیا۔ راولپنڈی میں نیوز کانفرنس کے دوران امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جائز ٹیکس کو تاجر تسلیم کریں گے۔ ہم پاکستان کو انارکی کیلئے نہیں چھوڑ سکتے، پر امن احتجاج کریں گے۔
نیوز کانفرنس کے دوران امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ تاجران اور صنعت کاروں نے بتایا کہ اب فیکٹری چلانے کی ہمت نہیں۔ غریب عوام بجلی کے بل دینے کے قابل نہیں رہے۔ جماعتِ اسلامی بجلی کی قیمت کم کروانا چاہتی ہے۔ حکومت کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔
امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم اسلام آباد سے عوام کیلئے ریلیف لے کر جائیں گے۔ حکومت نے مذاکرات کیلئے ایسے شخص کا نام دیا جو ملک میں نہیں۔ اس سے مذاکرات پر حکومت کی سنجیدگی ظاہر ہوتی ہے۔ غریب عوام بجلی کے بل دینے کے قابل نہیں رہے۔
انہوں نے کہا کہ جس روز چاہیں گے، ڈی چوک چلے جائیں گے، لیکن مسئلہ یہ نہیں ہے۔ لوگوں کو ریلیف دلوانا ہے۔ ہم حکومت کے آفس سے بات کریں گے۔ حکومت کو چاہئے کہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل جماعتِ اسلامی اور حکومت کے مابین مذاکرات کی تجویز پر اتفاق کیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








