عدالت سے اجازت نہ ملنے کا شکوہ، اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کا احتجاج مؤخر

تازہ ترین

تازہ ترین

تحریکِ انصاف

تحریکِ انصاف کی قیادت نے عدالت سے اجازت نہ ملنے کا شکوہ کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج ہونے والا احتجاج مؤخر کردیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ریجنل صدر پی ٹی آئی عامر مغل نے کہا کہ آج دوپہر 3 بجے احتجاج کی کال کی اجازت کیلئے قانونی راستہ اپنایا گیا تھا اور 4روز قبل ڈی سی اسلام آباد کو درخواست بھی دی گئی تھی، جو نہیں دی گئی۔

ریجنل صدر پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے، تاحال ہائیکورٹ کی جانب سے احتجاج کی تحریری اجازت نہیں مل سکی۔ ہم نے آج کا احتجاج عدالتی حکم کے احترام میں پیر تک مؤخر کیا ہے۔

عامر مغل نے کہا کہ احتجاج مؤخر کرنے سے قبل پارٹی کی مرکزی قیادت کو اعتماد میں لیاگیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت دینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریکِ انصاف کو احتجاج کی اجازت دینے سے قبل ضلعی انتظامیہ کو تحریکِ انصاف کے ساتھ مشاورت کا حکم دیا تھا اور عدالت کو ساڑھے 12 بجے تک آگہی دینے کی ہدایت بھی کی تھی۔

Related Posts