جماعتِ اسلامی کے دھرنے کا دوسرا روز، حکومت سے مذاکرات پر اتفاق

تازہ ترین

تازہ ترین

جماعتِ اسلامی
(فوٹو: دنیا نیوز)

اسلام آباد: جماعتِ اسلامی کے دھرنے کا آج دوسرا روز ہے۔ وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ 

نجی ٹی وی دنیا نیوز کا اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ جماعت اسلامی نے حکومت کی مذاکرات کیلئے 3 رکنی کمیٹی کی پیشکش قبول کر لی، جماعت اسلامی کی قیادت پر مشتمل کمیٹی حکومت سے مذاکرات کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے جماعت اسلامی سے مذاکرات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ، کمیٹی میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، طارق فضل چودھری اور امیر مقام کو شامل کیا گیا ہے۔

تاہم نجی ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے تک جماعت اسلامی کا دھرنا جاری رہے گا۔مری روڈ، لیاقت باغ چوک پر جماعتِ اسلامی کے کارکنان نے دوبارہ جمع ہونا شروع کردیا۔

جماعتِ اسلامی کے مقرر کردہ دھرنے کے منتظمین کی جانب سے شرکاء کے لیے ناشتے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔جڑواں شہروں میں احتجاج کیلئے آنے والے جماعتِ اسلامی کے کارکنان میں نوجوان نسل اور بزرگوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

دھرنے کے دوران شہری انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کا کام جاری ہے، مری روڈ کے داخلی راستے کو کنٹنرز لگا کر ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری دھرنے کے شرکاء کی سکیورٹی پر مامور ہے۔

Related Posts