نجکاری عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے ہے، آپ اداروں کو بیچنے والے کون ہوتے ہیں؟حافظ نعیم

تازہ ترین

تازہ ترین

عوام کو بے وقوف
(فوٹو: دی کرنٹ)

لاہور: امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجکاری عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے ہے۔ آپ اداروں کو بیچنے والے کون ہوتے ہیں؟

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پی پی پی نے نیشنلائزیشن پالیسی شروع کی جو خراب معاشی تجربہ رہا، پھر بے نظیر حکومت نے نجکاری کمیشن بنا دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پہلے یہ اداروں کو تباہ کردیتے ہیں، کرپٹ کیا جاتا ہے اور پھر نجکاری کی جاتی ہے۔ نجی سیکٹر کی لوٹ مار کا ذمہ دار کون ہے؟ دنیا میں زبردستی کا قانون کہاں منظور کیا جاتا ہے؟

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ نجکاری عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے ہے، پاکستان کے اثاثے بیچے جارہے ہیں، جو ادارہ نجکاری میں ہو، یہ مفاد پرست اس کو لینے کیلئے شامل ہوجاتے ہیں۔ 2 کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں، حکومت اسکولوں کی نجکاری کرنے والی ہے۔

سربراہ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ نجکاری ایک کاروبار ہے جسے جماعتِ اسلامی نہیں ہونے دے گی۔ آپ ہیں کون جو پاکستان کے اداروں کو بیچتے رہیں گے؟ ہم قوم کے سامنے حقائق لائیں گے۔ آئی پی پیز کے معاملے پر تمام قانونی پہلوؤں کو دیکھا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کسی بھی معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر نہیں چھوڑے گی۔ بھٹو دور میں بہت بڑی انڈسٹری نیشنلائز کی گئی جس کا نقصان اٹھانا پڑا۔ آرمی چیف اور ججز کی مدتِ ملازمت بڑھانی نہیں چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز کی تقرری کا طریقہ پہلے سے طے شدہ ہے جسے برقرار رکھنا ہوگا۔ آئینی مسودے میں کئی پہلوؤں پر مشاورت ضروری ہے۔ جس انداز میں آئینی ترامیم لائی جارہی ہیں، وہ طریقہ واردات پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹیمپ بنا دے گا۔

Related Posts