کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ صرف کراچی دھرنا ختم ہوا ہے، حق دو کراچی تحریک جاری ہے۔یہ تحریک کراچی کے ساڑھے تین کروڑ لوگوں کے دل کی آواز ہے، وفاق سے بھی اہل کراچی کا حق لیں گے۔
جعلی مردم شماری اورکوٹہ سسٹم کے خلاف کراچی کے پانی بجلی و گیس سمیت دیگر بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ہماری تحریک ظالم حکمرانوں اور غاصبوں کے خلاف ہے۔
عوام سے ووٹ لینے والوں نے وزارتوں کے عوض کراچی کے حقوق کا سودا کیا۔لسانیت کی سیاست کو زندہ کرنے والے کراچی کے امن و ترقی کے دشمن ہیں۔عوام نے پہلے بھی ان کی سیاست کو مسترد کیا ہے اور اب بھی انہیں کچھ نہیں ملے گا۔
کراچی اپنے اصل کی طرف لوٹ رہا ہے۔ کراچی کا مستقبل جماعت اسلامی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے تحت کامیاب دھرنے پر استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
استقبالیہ سے امیر ضلع کیماڑی فضل احد،نائب امیر ضلع و سابق ایم پی اے حمید اللہ خان نے خطاب کیا،جس میں ضلع بھر سے کارکنان نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ کراچی دھرنے کی کامیابی اور کالے قانون کا خاتمہ کراچی کے عوام کی کامیابی ہے۔دھرنے نے کراچی کی سیاسی سمت کا تعین کردیا ہے۔ کارکنان کی شب وروز محنت کے نتیجے میں آج کراچی جماعت اسلامی کی جانب دیکھ رہا ہے۔
ایم پی اے اور ایم این اے کی فوج رکھنے والی سیاسی جماعتوں اوران کی سیاست کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔جماعت اسلامی عوام کی امیدوں اور امنگوں کا مرکز بن گئی ہے۔
کراچی دھرناصرف آغاز تھا کراچی کی روشنیوں کو واپس لانے اور شہر کو اس کا حق دلا کر رہیں گے۔فضل احد نے کہا کہ حق دو کراچی تحریک کو پورے پاکستان کے مظلوم عوام کی حمایت اور سرپرستی حاصل ہے۔
مزید پڑھیں: ایک ارب ڈالر قرضے پر جشن نہیں افسوس کرنے کی ضرورت ہے،شیری رحمٰن
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








