راولپنڈی پولیس نے 9 مئی کے کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا اڈیالہ جیل میں بیان ریکارڈ کرلیا۔
اڈیالہ جیل میں بیان ریکارڈ کرتے وقت عمران خان کے وکیل بھی موجود تھے۔ بیان ریکارڈ کرنے کے ساتھ ہی عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو ملاقات کی اجازت بھی مل گئی جہاں انہوں ںے عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے تفصیلی ملاقات ہوئی، ان کا طبی معائنہ بھی کیا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق سلوپوائزننگ کی بات درست نہیں، جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کا معائنہ کیا، کوئی ایسی بات نظر نہیں آئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے خوراک سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل آفتاب باجوہ نے کہا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے بتایا ہے کہ انہیں سلو پوائزن دیا جارہا ہے۔
آفتاب باجوہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وکلا کو بتایا کہ انہیں سابق وزیراعظم والی سہولیات بھی نہیں دی جارہیں، انہیں گھرکا کھانا نہیں دیا جاتا، انہیں سلو پوائزن دیا جارہا ہے۔
بعد ازاں انہوں نے ایک اور ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے پہلے دیےگئے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے وکلا سے ملاقات کے دوران 4 سے 5 مرتبہ سلو پوائزنگ کی بات کی لیکن مجھے سمجھنے میں غلطی ہوئی، وہ (عمران خان) یہ کہہ رہے تھےکہ مجھے سلو پوائزنگ دی جاسکتی ہے اور اس کی کوشش بھی ہورہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








