کراچی میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا؟ گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسہ جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

Met Office forecast more rainfall in Sindh districts
FILE PHOTO

کراچی میں موسم نے کروٹ بدلی اور شہر کے متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی اور کہیں کہیں تیز بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا جس کے بعد شدید گرمی اور حبس کا شکار شہریوں نے کچھ راحت محسوس کی۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح ملیر، شارع فیصل، شاہ فیصل کالونی، عظیم پورہ، ایئرپورٹ، ماڈل کالونی اور کورنگی انڈسٹریل ایریا سمیت کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ لانڈھی، کورنگی، آئی آئی چندریگر روڈ، قیوم آباد، اختر کالونی، ڈیفنس، گلستانِ جوہر اور ناظم آباد میں بھی بارش کا سلسلہ دیکھنے میں آیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے اس بارش کی پیشگوئی پہلے ہی کر دی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش متوقع ہے جبکہ منگل اور بدھ کے روز شہر میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق یہ سسٹم 23 اگست تک برقرار رہ سکتا ہے جس کے دوران شہر کے مختلف حصوں میں دو سے تین بارشوں کے سلسلے متوقع ہیں۔ ان اسپیلز کے دوران شہر کے بیشتر علاقوں میں 40 سے 50 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے جبکہ بعض مقامات پر بارش کی مقدار 70 سے 80 ملی میٹر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ چند علاقوں میں 100 ملی میٹر تک بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی صورتحال کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں نکاسی آب کے مسائل پہلے سے موجود ہیں۔

Related Posts