پی ٹی آئی نے حکومت کو سخت بجٹ پیش کرنے پر مجبور کیا۔مفتاح اسماعیل

تازہ ترین

تازہ ترین

مزید مشکل فیصلے کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں: وزیر خزانہ
مزید مشکل فیصلے کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں: وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے حکومت کو سخت بجٹ پیش کرنے پر مجبور کیا جبکہ ماضی میں عمران خان حکومت نے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔ بدانتظامی کا بر وقت تدارک ضروری تھا۔ 

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اس بدانتظامی کا بروقت تدارک نہ کیا گیا تو یہ مزید تباہی کا باعث بنے گی اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت کو ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ایسا بجٹ پیش کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:

حکومت پٹرول مزید 35 روپے مہنگا کرے گی، شوکت ترین

اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات عائشہ غوث پاشا اور وزارت خزانہ کے حکام وزیر خزانہ کے ہمراہ تھے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک کو انتظامی طور پر درست کرنے کی ضرورت ہے ورنہ اس کی معیشت نہیں چلے گی۔ ”ہمیں قرضوں، پیکجوں اور ڈپازٹس کے لیے دوسرے ممالک جانا پڑتا ہے۔

پاکستان ایک قابل فخر ملک ہے، قابل فخر لوگوں کا ملک ہے، ایٹمی طاقت والا ملک ہے اور ہمیں اپنی معیشت کو ٹھیک کرنا ہو گا۔ ”ہمیں ایسے اخراجات نہیں اٹھانے چاہئیں جو ہم برداشت نہ کر سکیں۔“

وفاقی وزیر نے کہا کہ بجٹ ایک مشکل وقت میں پیش کیا گیا جب ملک انتہائی مشکل وقت سے گزر رہا تھا۔

بجلی اور گیس کے شعبوں میں بھاری نقصانات کا حوالہ دیتے ہوئے، وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران، سبسڈیز اور نادہندگان کی وجہ سے دونوں شعبوں میں تقریباً 3,400 ارب روپے کا نقصان ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاور سیکٹر میں 1100 ارب روپے سے زائد کی سبسڈیز دی گئیں جبکہ گردشی قرضہ 500 ارب روپے تک پہنچ گیا جس سے اس شعبے کا مجموعی نقصان 1600 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ان بڑے نقصانات کو برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں تھی، جن کا اگر ازالہ نہ کیا گیا تو معیشت کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا، گیس سیکٹر میں 400 ارب روپے کی سبسڈی کے ساتھ 1400 ارب روپے کے گردشی قرضے دیئے گئے جب کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کو 200 ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت صنعت کو ان نرخوں پر گیس فراہم کرے گی جو علاقائی مارکیٹ میں مسابقتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلی حکومت نے معیشت کو بہت نقصان پہنچایا تاہم وزیر اعظم شہباز شریف نے مشکل فیصلے کیے اور اگر ضرورت پڑی تو ملک کو دوبارہ پٹڑی پر لانے کے لیے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔

Related Posts