ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کیلئے ہیلتھ کیئر ورکرز کا احتجاجی مظاہرہ

تازہ ترین

تازہ ترین

ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کیلئے ہیلتھ کیئر ورکرز کا احتجاجی مظاہرہ
ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کیلئے ہیلتھ کیئر ورکرز کا احتجاجی مظاہرہ

کراچی: آج ایمپلائیز ایکشن کمیٹی جناح اسپتال کراچی کی جانب سے نجم الدین آڈیٹوریم جناح اسپتال کے سامنے، ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کیلئے ہیلتھ کیئر ورکرز نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے کی قیادت ایمپلائیز ایکشن کمیٹی میں شامل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، ینگ نرسز ایسوسی، پاکستان پیرامیڈیکل، پیپلز پیرا میڈیکل اور ہیلتھ سپورٹ اسٹاف کے رہنما ڈاکٹر کلیم کھوسو، سید شاہد اقبال، سحر ناز، حافظ محمد، یونس مغل، حسن پٹھان، عبدالفتاح سولنگی، عدنان احمد خدابخش دستی و دیگر کر رہے تھے۔

مظاہرے میں سیکڑوں ہیلتھ کیئر ورکرز شامل تھے جنہوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جس پر ہیلتھ رسک الاؤنس بحالی کے نعرے درج تھے، تمام ملازمین ہیلتھ رسک الاؤنس کی کٹوتی پر سراپا احتجاج تھے۔

آج وزیر صحت اور سیکرٹری صحت جناح اسپتال گائنی وارڈ نائن بی کے افتتاح سلسلے میں آئے تھے ان کی موجودگی میں ہیلتھ کیئر ورکرز نے اپنے حقوق کیلئے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایڈمن بلاک تک احتجاجی مارچ کیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ جب تک ہمارا ہیلتھ رسک الاؤنس مستقل بنیادوں پر ہماری تنخواہ میں ضم نہیں کیا جاتا تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اس کے ساتھ ٹائم اسکیل اور سروس اسٹرکچر کے حوالے سے بھی مطالبات دہرائے گئے اور احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

مظاہرے سے ساجد مغل، امیر علی دیناری، یونس مغل اور ڈاکٹر کلیم کھوسو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ رسک الاؤنس کی کٹوتی ہیلتھ کیئر ورکرز کا معاشی قتل ہے، اس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے حقوق کی حاصلات کیلئے پر امن احتجاج کے جمہوری، آئینی اور تمام مہذب طریقے اپنائیں گے۔

کل بھی صبح 9 بجے سے 11 بجے تک نجم الدین آڈیٹوریم جناح اسپتال کے سامنے بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ ہم سندھ حکومت کو دو دن کا وقت دیتے ہیں کہ ہیلتھ ملازمین دشمن رسک الاؤنس کٹوتی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے احکامات جاری کریں۔

Related Posts