صومالیہ کے قریب سمندری حدود میں قزاقوں کی قید میں موجود 11 پاکستانیوں میں سے ایک کی دل دہلا دینے والی آڈیو وائرل ہوگئی ہے، اپنے آخری پیغام میں پاکستانی شہری امین بن شمس کا کہنا ہے کہ یہ ہمیں مارنے کیلئے لے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج سے 7روز قبل صومالیہ کے قریب سمندری حدود میں قزاقوں نے ایک آئل ٹینکر پر حملہ کرکے جہاز کے عملے کو یرغمال بنا لیا، جن میں 11 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔ مغوی پاکستانی شہری امین بن شمس کا آخری پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
اپنے آڈیو پیغام میں امین بن شمس نے جذباتی انداز میں اپنے اہل خانہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہمیں بحری لٹیروں نے پکڑ لیا ہے اور یہ میرا آخری پیغام ہے، کیا پتہ میں آپ سے بات نہ کرسکوں کیونکہ یہ مارنے کیلئے لے کر جارہے ہیں۔ مجھ سے کوئی بھی غلطی ہوئی ہو تو معاف کردیجئے گا۔
پیغام میں امین بن شمس نے مزید کہا کہ میرے لیے دعا کیجئے گا۔ عائشہ اور بچوں کا خیال رکھئے گا، انہیں پڑھائے گا اور دل مضبوط کرلیجئے گا۔ خدا حافظ، میں آپ سے مزید کیا بات کروں۔
I request government of Pakistan to help these people!!! It’s SO painful. HELP THEM? @GovtofPakistan pic.twitter.com/dGcLTHk6oI
— Komal Shahid (@ArmedWithWords) April 27, 2026
آڈیو پیغام وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے حکومت سے اپیل کی کہ بحری قزاقوں کے چنگل سے پاکستانیوں کو چھڑایا جائے۔ اداکارہ سبینہ فاروق کا کہنا ہے کہ ہم کہاں جائیں اور کس سے انصاف مانگیں، دل ہی نہیں بچا۔

دوسری جانب متأثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ قزاقوں کے قبضے کے بعد سے اپنے عزیزوں سے رابطہ منقطع ہوچکا، جہاز عمان سے فجیرہ جارہا تھا جب اس پر قزاقوں نے حملہ کیا، حکومت نے تاحال کوئی مدد نہیں کی، تاہم گورنر سندھ رابطہ کرکے تعاون کی یقین دہانی کروا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ امین بن شمس 2 بچوں کے والدہ یں جن مین 3 سالہ بیٹی اور 4ماہ کا بیٹا بھی شامل ہیں، سمندری قزاقوں نے جن دیگر پاکستانیوں کو اغوا کیا، ان میں سیّد کاشف، حسین اور عمران کے نام شامل ہیں جن کے کئی کمسن بچے ہیں اور ان کے اہل خانہ بے چینی کے عالم میں حکومتی امداد اور اپنے پیاروں کی بحفاظت واپسی کا انتظار کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








