خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی ایک تقریب اس وقت سوگ میں بدل گئی جب امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ قریشی موڑ کے قریب پیش آیا جہاں نور عالم محسود کے گھر شادی کی تقریب جاری تھی۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت امن کمیٹی کے کئی ارکان بھی تقریب میں موجود تھے۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد پانچ بتائی جا رہی ہے تاہم مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد موقع پر شدید بھگدڑ مچ گئی جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا مبینہ طور پر خودکش نوعیت کا تھا تاہم حتمی تصدیق تفتیش مکمل ہونے کے بعد کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی اور بھتہ خوری سے جڑے تنازع کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے تاہم پولیس نے اس حوالے سے کسی حتمی رائے کا اظہار نہیں کیا۔ پولیس اور تفتیشی ادارے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں اور دھماکے کی نوعیت، وجوہات اور پس منظر جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








