پنچاب کے ضلع اوکاڑہ کے علاقے کوٹ رادھا کشن کے ہیڈکوارٹر اسپتال میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 15 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی گئی۔ پولیس کے مطابق، متاثرہ لڑکی اپنی چچی کے ہمراہ اپنے کمسن کزن کے علاج کے لیے اسپتال آئی تھی۔
لڑکی کے والد عبدالجبار نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ اسپتال کے وارڈ بوائے ذیشان نے ان کی بیٹی کو بہانے سے عمارت کی بالائی منزل پر لے جا کر اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر اسے ہاتھ پاؤں باندھ کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
عبدالجبار کے مطابق، جب لڑکی کی چچی اسے تلاش کرتے ہوئے بالائی منزل پر پہنچی تو ملزم نے پکڑے جانے کے خوف سے نیچے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔ زخمی ملزم کو علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو اس سنگین معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔
یہ واقعہ مقامی کمیونٹی میں شدید غم و غصے کا باعث بن رہا ہے، اور عوام اسپتال انتظامیہ سے شفاف تحقیقات اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








