کراچی: شہر قائد میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کو نہایت اہم اور حساس قرار دیا ہے، ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ شہری سیلاب اور حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق بھارت کی مغربی ریاست اڑیسہ کے قریب موجود بارشوں کا نظام ایک ڈپریشن کی شکل میں موجود ہے جو آئندہ ایک سے ڈیڑھ دن میں بھارتی ریاست گجرات تک پہنچ جائے گا۔ اس کے اثرات سندھ بھر پر پڑیں گے اور 23 اگست تک معتدل سے موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
کراچی میں آج بھی دن کے وقت شدید بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوا اور درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹے شہر کے لیے نہایت اہم ہیں کیونکہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود مون سون سسٹم کے اثرات سے کراچی میں آج وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ کل معتدل بارش کی پیش گوئی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش یا آندھی کے دوران گھروں سے غیر ضروری طور پر نہ نکلیں اور فون کا استعمال صرف ایمرجنسی کی صورت میں کریں۔
اس کے علاوہ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سڑکوں پر کھمبوں، باڑھوں اور درختوں کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کریں کیونکہ بجلی گرنے کی صورت میں یہ اشیاء براہِ راست متاثر ہوتی ہیں۔
انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بارش کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے اجتناب کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








