کراچی میں بارش نے تباہی مچا دی، طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کے دوران مختلف حادثات کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جن میں آسمانی بجلی، گھروں کی چھتیں، درخت اور بل بورڈز گرنے کے واقعات شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب سے ہی کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ تیز ہواؤں نے تباہی مچائی۔
شہر قائد کے علاقے کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی شدید ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ موسلا دھار بارش اور آندھی کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا۔
گزشتہ کئی گھنٹوں سے کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ متعدد علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث پانی کی بھی قلت ہے جن میں کورنگی کراسنگ، معین آباد، شادمان ٹاؤن، گلشن اقبال، ڈیفنس فیز ون اور فیز 2 شامل ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کے 2100 میں سے 560فیڈرز پر بجلی کی سپلائی بحال نہیں ہوسکی تاہم بحالی کیلئے کارروائی جاری ہے۔ تیز ہواؤں اور شدید بارش نے بجلی کی فراہمی میں مشکلات پیدا کیں، یہ واضح نہیں کہ بجلی کی مکمل بحالی کب تک ہوگی۔
حادثات کی تفصیل
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شارع فیصل پر ہواؤں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی جبکہ ماڑی پور میں 97کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، شدید ہواؤں نے کورنگی، کلفٹن اور محمد علی سوسائٹی میں درخت اور بل بورڈز گرا دئیے۔
کلفٹن میں ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے نزدیک درخت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے، محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان روڈ پر بل بورڈ گر گیا جبکہ بلدیہ ٹاؤن میں دیوار گرنے کے واقعے میں 5افراد زخمی ہوگئے۔
بلدیہ مواچھ گوٹھ میں عمارت گرنے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مجید کالونی، قائد آباد میں گھر کی دیوار گرنے کے واقعے میں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔اسی طرح کورنگی، یاروگوٹھ اور سجن گوٹھ میں بھی 3افراد جاں بحق ہوگئے۔
بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے، آج دوپہر کے بعد دوبارہ تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق عید کے پہلے روز ہلکی پھلکی بارش جبکہ 24 سے 27مارچ کے دوران مغربی ہواؤں کے باعث کراچی کے ساتھ ساتھ سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








