پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک نیا آن لائن پورٹل متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے وہ غلط یا دوہرے ٹریفک چالان کو گھر بیٹھے منسوخ کر سکتے ہیں، اب شہریوں کو کسی دفتر جانے یا طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اتھارٹی کے مطابق اگر کسی ڈرائیور کو کسی تکنیکی خرابی یا نظام کی غلطی کے باعث ایک ہی خلاف ورزی پر ایک سے زائد چالان موصول ہو جائیں تو وہ اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعے شکایت درج کرا سکتا ہے۔
نئے نظام کے تحت شہری ای چالان پورٹل پر جا کر اپنی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور شناختی کارڈ نمبر درج کریں۔ اس کے بعد ریویو کے آپشن پر کلک کر کے مسئلے کی مختصر وضاحت لکھیں، مثلاً مجھے ایک ہی تاریخ اور وقت کے لیے دو مرتبہ چالان موصول ہوا ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق اس سسٹم سے شکایات کے اندراج کا عمل تیز تر ہوگا، دفاتر پر بوجھ کم ہوگا، اور ایسے چالان جو سسٹم کی غلطی سے جاری ہوئے ہوں، فوری طور پر منسوخ کیے جا سکیں گے۔
اتھارٹی نے شہریوں کی آسانی کے لیے پبلک سیفٹی نامی موبائل ایپ بھی متعارف کرائی ہے جو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
یہ ایپ بھی ای چالان کے ریویو اور مینجمنٹ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔یہ نیا اقدام نہ صرف شہریوں کے قیمتی وقت کی بچت کرے گا بلکہ نظام میں شفافیت اور اعتماد کو بھی فروغ دے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








