بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ بالاآخر ریلیز ہوگئی، تاہم نیو پلیکس اور سنی پلیکس سینما میں فلم کو نمائش کیلئے پیش نہیں کیا جارہا۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق فلم کے پروڈیوسر، ڈسٹری بیوٹر اور سینما گھر مالکان کے درمیان ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کا معاہدہ ابھی تک نہیں ہو سکا ہے۔
سنی پلیکس کے چیف فائننشل آفیسر طارق محبوب نے سما ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مذاکرات جاری ہیں ۔ جیسے ہی فلم ڈسٹریبیوٹراور پروڈیوسر سے معاملات طے پا جاتے ہیں۔ فلمی شائقین کے لیے دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے شوز کو آپریشنل کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی فلم کی ریلیز سے قبل ڈسٹری بیوٹر اور سینما مالکان کے درمیان معاہدہ طے پاتا ہے جس کے بعد ہی فلم کو اُس سینما گھر میں نمائش کی اجازت ملتی ہے ۔یہ تنازعہ 6 اکتوبر سے ہی جاری تھا، جو فلم کی ریلز کی تاریخ تک بھی ختم نہیں ہوسکا۔
سنی پلیکس کے چیف فائننشل طارق محبوب نے یہ بھی بتایا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا ٹریلر تو اب تک ان کے سینما گھروں میں چل رہے ہیں اور اسٹیڈیز بھی موجود ہیں۔ تاہم معاملات اب تک طے نہ پاسکے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد یہ معاملات طے پا جائیں گے جس کے بعد فلم کو مکمل شوز ملیں گے۔
خیال رہے کہ سنی پلیکس کے ملٹی پکس اسکرین پاکستان کے مختلف شہروں جیسے اسلام آباد، کراچ ، لاہور، گجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد میں موجود ہیں۔ 9 بڑے سینما گھروں کی اس سینما چین سمیت نیوپلکس اور لاہور کے سینی اسٹار سینما گھروں میں اب تک اس فلم کو شوز کی اجازت نہیں مل سکی ہے۔
کراچی کی ملٹی پلکس سینما چین Nueplex Cinema میں بھی تاحال تیرہ اکتوبر کے شوز کے شیڈول میں دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے شوز شامل نہیں ہیں ۔پنجاب کی بھی سینما کی سب سے بڑی چین CineStar نے بھی ٹکٹس کی بڑھتی قیمت کے حوالے سے اپنے صارفین کو سوشل میڈیا کے ذریعے سے آگاہ کیا۔
یاد رہے کہ فلم ڈسٹریبیوٹر کی جانب سے دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ٹکٹس کی قمیتیں بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ۔ جس کے بعد سے ہی مختلف سینما گھروں میں اس فلم کے ٹکٹس کی قمیت کو بڑھا دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








