معروف اداکارہ اور ماڈل حنا آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ڈرامہ سیریل راجا رانی میں بالکل قدرتی انداز میں اور بغیر میک اپ کے اداکاری کر رہی ہیں کیونکہ انہیں اس کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں سینئر صحافی اور یوٹیوبر امبرین فاطمہ سے گفتگو کرتے ہوئے حنا آفریدی نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ فیصل قریشی نہ صرف ملک کے نامور فنکاروں میں سے ایک ہیں بلکہ انتہائی پیشہ ور اور وقت کے پابند بھی ہیں۔ سیٹ پر ہر ساتھی فنکار سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہیں۔
حنا آفریدی نے بتایا کہ راجا رانی کی شوٹنگ کے دوران انہیں فیصل قریشی کے ساتھ کام کرتے وقت خاصی گھبراہٹ محسوس ہوئی، انہیں خدشہ تھا کہ کسی غلطی پر وہ ڈانٹ دیں گے لیکن فیصل قریشی نے نہایت شفقت اور تعاون کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ اگر وہ فہد مصطفیٰ کے ساتھ کسی پراجیکٹ میں کام کریں تو ان کی جوڑی اسکرین پر بہترین نظر آئے گی اور ناظرین کو بھی پسند آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چہرے پر کوئی میک اپ اس لیے نہیں لگاتیں کیونکہ اس سے وہ اپنی عمر سے دس سال بڑی دکھائی دیتی ہیں۔
ان کے مطابق چونکہ ان کی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے یا کسی قسم کے نقائص نہیں ہیں، اس لیے وہ قدرتی انداز کو ترجیح دیتی ہیں۔
راجا رانی میں انہوں نے صرف ہلکی سی ٹِنٹ لگائی ہے اور بغیر میک اپ کے کیمرے کے سامنے آئی ہیں۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ حنا آفریدی اور فیصل قریشی کا ڈرامہ راجا رانی ہم ٹی وی پر نشر ہو رہا ہے اور شائقین کی جانب سے اسے بے حد سراہا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








