پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور مکمل جنگی تیاری پر بھرپور اعتماد ہے اور سرحدوں کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یوم آزادی کے خصوصی پیغام میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے برصغیر کے مسلمانوں اور اکابرین کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک کی ترقی میں مذہبی اقلیتیں آج بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کی شکست کیلئے جانی و مالی طور پر دی جانے والی بھاری قیمت کو یاد کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو قوم کا فخر قرار دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آزادی کی جدوجہد کے شہداء اور معرکۂ حق کے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا حوصلہ، بہادری، عزم اور ایمان ہمیشہ تاریخ کا روشن باب رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینا ہی اس مسئلے کا واحد منصفانہ اور پائیدار حل ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کرے۔
یوم آزادی کے موقع پر فیلڈ مارشل نے ایک بار پھر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی شہری آبادی پر حملہ کیا۔
قوم کی حمایت سے پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دیا، جو تاریخ میں پاک فوج کی بہادری اور عزم کی لازوال مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








