پاکستان بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد فلاحی اداروں سمیت اہم شخصیات نے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور اس ضمن میں متعدد شوبز شخصیات فنڈز جمع کرنے میں بھی مصروف ہیں۔
اداکارہ حنا الطاف نے بھی سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنا شروع کردی ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے وہ بڑھ چڑھ کر متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لوگوں کو تجویز دی کہ وہ غذا تیار کرنے والی چیزیں فراہم کرنے کے بجائے متاثرین کے لیے تیار غذائیں دیں تو اچھا ہے، کیوں کہ سیلاب کی وجہ سے متاثرین غذاؤں کو تیار کرنے کے قابل بھی نہیں رہے۔
حنا الطاف نے ویڈیو میں مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ فلاحی تنظیموں کو عطیات جمع کرواتے وقت خواتین کے استعمال میں آنے والی اشیا بھی ضرور دیں۔
انہوں نے عوام کو اپیل کی کہ وہ فلاحی تنظیموں کو خواتین کے لیے سینیٹری پیڈز اور بچوں کے لیے پیمپرز بھی عطیہ کریں، کیوں کہ سیلاب سے متاثرہ بچے انتہائی ناقص حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
اداکارہ نے مداحوں کو اپیل کی کہ اگر ان کے گھر میں پانی کی ایک خالی بوتل بھی اضافی ہے تو وہ بھی عطیہ کریں، کیوں کہ اس سے بھی بہت بڑا فرق پڑنے والا ہے۔