اسلام آباد: پی پی پی کی رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی پاکستان آمد پر دوطرفہ بڑے بریک تھرو کا امکان مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس جے شنکر کے دورہ پاکستان سے کسی بڑے دو طرفہ بریک تھرو کا امکان تو نہیں تاہم ان کا استقبال پاکستان کی روایات کے مطابق کیا جائے۔ پاکستان ایس سی او کا میزبان ہے۔
گفتگو کے دوران حنا ربانی کھر نے کہا کہ میری نظر میں یہ موقع نہیں تھا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی پاکستان آتے، ہماری خواہش تھی کہ سربراہانِ مملکت کی سطح پر بھارت کی نمائندگی ہوتی، لیکن بھارت کی یہ کم سطح کی نمائندگی بھی نہیں کی جارہی ہے۔
سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کے دورے سے کسی بڑے دو طرفہ بریک تھرو کا نہ تو امکان ہے اور نہ ہی اس کی امید ہونی چاہئے۔ دنیا اس وقت علاقائی فورمز میں منقسم ہے۔ عالمی سطح پر ایسے فورمز کو اہمیت دی جارہی ہے۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہنا چاہئے، اس طرح ویلکم کیا جائے جو ہماری پاکستانیت اور میزبانی کی روایات کی عکاسی کرے۔ ہمیں انہیں پاکستانیت دکھانی چاہئے۔ اس وقت ہمارا یہ عزم ہونا چاہئے کہ انہیں بہتر ماحول دیا جائے اور درست انداز میں خوش آمدید کہا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








