شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس، بھارتی وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کریں گے

تازہ ترین

تازہ ترین

بھارتی وزیر خارجہ
(فوٹو: رائٹرز)

نئی دہلی: شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کیلئے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے، بھارتی دفتر خارجہ نے تصدیق کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اہم اجلاس میں شرکت کیلئے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے۔ بھارتی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا دورۂ پاکستان شیڈول کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم خطے کیلئے بے حد اہمیت کی حامل عالمی تنظیم ہے جس میں پاکستان، بھارت، چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ 2023 میں ایران کو بھی شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت دے دی گئی۔

اس کے علاوہ متعدد دیگر ممالک بطور شراکت دار یا مبصرین شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاسوں میں شریک ہوتے ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے قیام کے مقاصد میں باہمی اعتماد کو فروغ دینا، اچھے ہمسایہ تعلقات کو آگے بڑھانا اور باہمی تعاون شامل ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سیاست، معیشت، تجارت، ثقافت، تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی جیسے مختلف شعبہ جات میں دوستانہ تعاون کو فروغ دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ علاقائی امن و سلامتی، دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ پر مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔

Related Posts