پاکستانی اسنوکر کیلئے تاریخی لمحہ؛ محمد آصف سیمی فائنل میں پہنچ گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

چین کے شہر چینگ ڈو میں جاری ورلڈ گیمز 2025 کے اسنوکر ایونٹ میں پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑی محمد آصف نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ محمد آصف نے کوارٹر فائنل میں برطانوی کھلاڑی زیک کوسکر کو شاندار مقابلے کے بعد 2-0 سے شکست دی جس نے ان کی مہارت اور عزم کی خوبصورتی کو اجاگر کیا۔

پہلے فریم میں محمد آصف نے 51 پوائنٹس کی شاندار بریک کے ساتھ 79-15 سے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے فریم میں انہوں نے 89-31 کے اسکور سے فتح اپنے نام کی۔ انکی یہ فتح پاکستانی اسنوکر کیلئے ایک سنہری لمحہ ہے جو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہی ہے۔

اب محمد آصف ورلڈ گیمز 2025 میں میڈل سے صرف ایک فتح کی دوری پر ہیں۔ سیمی فائنل میں کامیابی ان کیلئے میڈل کو یقینی بنائے گی جبکہ ناکامی کی صورت میں برانز میڈل کیلئے مقابلہ کریں گے۔ پاکستانی شائقین کی نظریں اب ان کے اگلے میچ پر مرکوز ہیں جہاں وہ تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ گیمز کی تاریخ میں پاکستان نے اب تک صرف ایک میڈل حاصل کیا ہے جو 2001 میں اسنوکر کے کھلاڑی شوکت علی نے برانز میڈل کی صورت میں جیتا تھا۔محمد آصف کے پاس اب نہ صرف ذاتی کامیابی بلکہ پاکستان کے اسنوکر کی عظیم تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرنے کا سنہری موقع ہے۔

Related Posts